موجودہ حکومت میں جو کام نہیں کرتا، اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے: ڈاکٹر شہباز گل

Published On 08 September,2020 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پانچ نہیں، اگر 500 آئی جی بھی تبدیل کرنا پڑے تو کریں گے۔ موجودہ حکومت میں جو کام نہیں کرتا، اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

شعیب دستگیر کے تبادلے کے معاملے پر دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی سی پی او کی شکایات پر آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کی بات غلط ہے۔ دونوں عہدوں کا اپنا اپنا دائرہ کار ہے۔ صوبہ پنجاب کی پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوتی۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ سٹیٹس کو جب توڑا جاتا ہے تو بڑا معیوب لگتا ہے۔ حکومت نہیں بلکہ سٹیٹس کو کنفوژ ہے۔ ہم نے تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا ہے۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں میں لوگ ذاتی کام کرتے تھے، اسی لیے پانچ سال پورے کر لیتے تھے۔ تاہم ہماری حکومت میں کارکردگی کو دیکھا جاتا ہے۔ جو پرفارم نہیں کرتا، اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔