موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم کی تصویر منظر عام پر آ گئی

Published On 12 September,2020 05:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم کی تصویر منظر عام پر آ گئی ہے۔

پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملزم عابدعلی فورٹ عباس ضلع بہاولنگر کا رہائشی ہے۔ عابد علی کا پروفائل ڈی این اے میچ کرگیا۔

دنیا نیوز نے ملزم کا ریکارڈ حاصل کر لیا۔ کریمنل ڈیٹا بیس میں عابد علی 2013ء سے موجود ہے، ملزم عابد علی کوتاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے سی ٹی ڈی کی جانب سے چھاپے مارےجارہے ہیں۔

دریں اثناء  موٹروے پر خاتون سے زیادتی کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے، لاہور پولیس نے کرول گاؤں کے اطراف میں کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 10 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے 72 گھنٹے بعد بیان ریکارڈ کرنے کیلئے متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا، جس پر ان کے اہلخانہ نے معذرت کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم کی شناخت ہوگئی، پولیس ذرائع

آئی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں ابھی کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پہ چلنے والی خبریں غلط اور حقائق کے منافی ہیں، اس کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کر رہا ہوں اور کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کریں گے، ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں نہ صرف کیس پر اثر انداز ہوتی ہیں بلکہ عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں۔

انسپکٹر جنرل پنجاب کا کہنا تھا سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی جو تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں وہ بھی غلط اور جعلی ہیں، میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں، عوام سے بھی گزارش ہے کہ ہم پر اعتماد رکھیں، ہم جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گجرپورہ موٹروے زیادتی کیس پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں، مجھے امید ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ کیس منظقی انجام تک پہنچ جائے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا محکمہ داخلہ، پولیس، فرانزک سائنس ایجنسی سمیت تمام ادارے گزشتہ دو دن سے تحقیقات میں مصروف ہیں، درندہ صفت شیطان مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، میڈیا اور حکومتی ترجمانوں سے گزارش ہے کہ غلط معلومات کی ترسیل سے اجتناب کریں، صرف وزیر اعلیٰ، وزیرِ اطلاعات، وزیر قانون، آئی جی پنجاب اور محکمہ داخلہ کی جانب سے آنے والے خبر ہی مصدقہ ہوگی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی ممبران اس واقعے پر اپنی طرف سے کوئی پالیسی بیان جاری نہ کریں، صوبائی حکومت کا واحد ترجمان صرف وزیر اطلاعات ہوتا ہے، پوری قوم پر امید رہے، بزدار حکومت ملزمان کی گرفتاری کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، انشاء اللہ بہت جلد ان شیطان صفت ملزمان کو قانون کے ذریعے نشان عبرت بنائیں گے۔

 

Advertisement