کورونا کیسز کی صورتحال: محکمہ تعلیم سندھ کا پرائمری کلاسز مزید بند رکھنے پر غور

Published On 18 September,2020 11:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد کورونا کیسز کی صورت حال کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری کلاسز مزید بند رکھنے پر غور شروع کر دیا۔ پرائمری کلاسوں کی تاریخ میں مزید ایک ماہ توسیع کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نرسری سے پانچویں جماعت کے طلبہ کو آئندہ کئی ماہ تک آن لائن پڑھانے پر غور کر رہا ہے، محکمہ تعلیم حکام محکمہ صحت کے تجاوز پر فیصلہ کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت تعلیمی ادارے کھلنے پر بچوں کے سکول جانے کی مخالفت کر چکی ہیں۔ پرانے شیڈول کے مطابق پرائمری کے بچوں کو 30 ستمبر سے سکول آنے کی اجازت دی تھی، آئندہ چند دنوں میں پرائمری سکولوں کو مزید بند رکھنے کے حوالے سے فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 386 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 98 ہزار 142، سندھ میں ایک لاکھ 33 ہزار 125، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 242، بلوچستان میں 13 ہزار 991، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 381، اسلام آباد میں 16 ہزار 33 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ 90 ہزار 660 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 865 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 91 ہزار 683 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 579 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 225، سندھ میں 2 ہزار 455، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 257، اسلام آباد میں 180، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 66 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement