قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی: گورنر پنجاب

Published On 27 September,2020 11:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانیوالوں کو قوم معاف نہیں کر یگی، وفاقی وزیر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے کسی احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنرہاوس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملاقات کی جس میں سیاسی و حکومتی امورسمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی، اس موقع پر گفتگو میں گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ حکومت اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، حکومتی ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے، سیاسی مخالفین انتشار چاہتے ہیں، عمران خان بطور وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری کر ینگے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن احتسابی عمل کو بریک لگوانا چاہتی ہے مگر ایسا نہیں ہوگا، شفاف اور بلاتفریق احتساب ملک وقوم کے لیے لازم ہو چکا ہے، ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کا اپوزیشن کا منصوبہ ناکام ہوگا، ملکی دفاع کو یقینی بنانیوالی افواج پاکستان پر قوم کو فخر ہے، اقوام متحدہ میں عمران خان نے کشمیریوں کا بھرپور مقدمہ لڑا ہے، فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشت گرد مسلسل بڑھ رہی ہے، دنیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر وفلسطین کو حل کرنا ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن پھر ناکام ہوگی۔ حکومت کمزور طبقات کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔