ایم نائن موٹروے پر ویگن حادثہ کا سبب بننے والی مبینہ گاڑی کی شناخت

Published On 27 September,2020 08:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے قریب ایم نائن موٹروے پر ویگن حادثے کا سبب مبینہ طور پر سفید رنگ کی کلٹس گاڑی بنی۔ چوبیس گھنٹوں بعد بغیر بونٹ کے گاڑی کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

ہفتے کی شام حیدر آباد سے کراچی آنے والی مسافر ویگن کو خوفناک حادثہ پیش آیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ایم نائن پر آگے چلنے والی گاڑی کا بونٹ اڑ کر ویگن کو لگا تھا جس سے گاڑی الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔

موٹروے پولیس نے حادثے کا سبب بننے والی مبینہ گاڑی کا سراغ لگا لیا ہے۔ حادثے سے کچھ دیر بعد ہی ٹول پلازہ کراس کرنے والی سفید کلٹس کار کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی جس کا بونٹ غائب ہے۔

فوٹیج میں ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے لیے کھڑی نظر آنے والی گاڑی کے مالکان سے متعلق معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی چودہ ناقابل شناخت لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

تمام لاشوں کو ڈی این اے رپورٹ کے بعد لواحقین کے سپرد کیا جائے گا۔ حادثے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص برن وارڈ میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت پچیس سالہ عبدالرشید ولد حسین گل کے نام سے ہوئی جس کے بعد واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہو چکی ہے۔