نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا، ڈاکٹر بابر اعوان

Published On 29 September,2020 05:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بتایا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی جنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

بابر اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ قیدی، ان کی واپسی کی مضبوط دلیل ہے۔ بیماری ہوتی تو ہسپتال جاتے، وہ تو پچھلے دروازے کی ملاقاتوں کیلئے لندن گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ جلد ہی ایکسٹراڈیشن کی کارروائی شروع کریں گے۔ اس معاملے پر ایک مثال دیتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ چلی کے بھگوڑے اگسٹو پنوشے کو ایکسٹراڈیشن کے ذریعے واپس لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور عدالتی اداروں کے پیچھے ہاتھ جلد بے نقاب ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اور ٹویٹ میں ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا تھا کہ نواز شریف کی مفروری کے امکانات زیرو ہیں۔ پاکستانی convict کی واپسی کے خلاف کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی لئے نواز لیگ کی سیاست کبھی گریبان تک پہنچتی ہے اور کبھی پائیدان پر۔ عجیب شیر ہیں، گھر واپسی سے بھی گھبراتے ہیں۔