کراچی: مسافروین میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونیوالوں کی میتیں ورثا کے حوالے

Published On 30 September,2020 10:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب مسافروین میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، لاشوں کی شناخت کا عمل 48 گھنٹے میں مکمل کیا گیا، حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔

شام ڈھلے لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے کراچی میں ایدھی سرد خانے پہنچے تو حکومت سے حادثات کی روک تھام کےلیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔

بد نصیب مسافروں میں حیدرآباد کے رہائشی اسد کا خاندان بھی شامل تھا جو کراچی گھومنے کے لیے آ رہے تھے۔ خوفناک آگ نے اسد، اسکی اہلیہ، دو بیٹیوں اور نواسی کو نگل لیا، صرف ایک بیٹا زندہ بچ سکا جو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

حادثے میں جاں بحق 14 افراد کی لاشیں لواحقین کے ڈی این اے سے میچ ہوجانے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جو انہیں لے کر آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے۔