وزیر خارجہ کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ بارے پاکستان کے عزم کا اعادہ

Published On 02 October,2020 04:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ خواتین کے حقوق اور آزادیوں پر کارروائی کے لئے بیجنگ پلیٹ فارم کے تحت مقرر کئے جانے والے اہداف کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔

وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر خواتین کے متعلق چوتھی عالمی کانفرنس کی چھبیسویں سالگرہ کے موقع پرایک اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے احساس پروگرا م کامقصد خواتین کے معیارزندگی کوبلند کرنااورغربت میں کمی لانا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے اقوام متحدہ کے قیام کے وقت سے ہی خواتین کے حقوق کیلئے کام کیا ہے۔

انسانی حقوق کے عالمگیراعلامیے کے مسودے کی تیاری کے دوران ہماری معززنمائندہ بیگم شائستہ اکرام اللہ نے اس اعلامیے میں آرٹیکل 16کی شمولیت میں فعال کردار ادا کیا۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم قانون سازی کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد، گھریلوتشدد، ہراسگی کے معاملات اورسماجی اورجائیدادکے حقوق کے تحفظ کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں۔