'ووٹ کوعزت دو نوازشریف کا بیانیہ، پاکستان کی ہر بیماری کا علاج اسی میں پوشیدہ ہے'

Published On 08 October,2020 06:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو نواز شریف کا بیانیہ ہے۔ پاکستان کی ہر بیماری کا علاج اسی نعرے میں پوشیدہ ہے۔

لاہور میں منعقدہ ایک پارٹی اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) عوام کو موجودہ حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے بغاوت کے مقدمے کو آئین اور قانون کی بات کرنے کا نتیجہ قرار دیدیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بات کریں تو غداری کے مقدمات بنتے ہیں۔ نواز شریف کا مقدمہ گلی گلی اور گھر گھر پہنچ چکا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ لیگی قائد نے کارکنوں کو تنہا چھوڑ دیا۔ نواز شریف نے پہلے سارے وار سینے پر برداشت کیے، اب کارکنوں کی باری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی نہتی بیٹی کو کارکنوں کی صف میں کھڑا کیا ہے۔ جب قربانی دینے کا وقت آئے گا تو مریم کو اپنی صف میں پہلے کھڑا دیکھیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر یقین ہو چکا ہے کہ حکومت کیخلاف تحریک کامیاب ہو چکی ہے۔ کارکن وعدہ کریں کہ جمہوریت، آئین اور قانون کا سر نہیں جھکنے دیں گے۔ پاکستان کے عوام نے (ن) لیگ سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔