نیب نے نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کر دی

Published On 09 October,2020 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شریف خاندان کی مشکلات کم نہ ہوئیں، نیب نے نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کر دی۔ وزارت داخلہ نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دوبیٹیوں سمیت دس افراد کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دئیے۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں جبکہ انہیں اشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ لہذا نواز شریف کی سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے اور ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔ وزارت داخلہ نواز شریف کو وطن واپسی کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی اہلیہ، 2 بیٹوں سمیت 10 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی حکومت نے شریف خاندان کے تین افراد سمیت 10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے ہیں۔ ان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

کابینہ نے نام ای سی ایل ڈالنے کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔ تمام دس افراد منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک پاکستان سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ شہباز شریف کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں شامل ہے۔
 

Advertisement