عثمان بزدار سے چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کی ملاقات، صفائی صورتحال بہتر کرنے کی ہدایت

Published On 14 October,2020 10:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔

ایوان وزیر اعلی میں ہونے والی ملاقات میں ایل ڈبلیو ایم سی کے امور، کارکردگی اور صفائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ متوسط اور پسماندہ آبادیوں میں صفائی، ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے، شہر کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں، صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے حکومت آپ کو پورا سپورٹ کرے گی، جلد شہر کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ موثر مینجمنٹ کے ذریعے صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے، گندگی پر متعلقہ علاقے کے عملے کے خلاف کارروائی ہو گی، لاہور کو صفائی کے لحاظ سے مثالی اور بہترین شہر بنایا جائے گا، ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی، ستھرائی کے لئے درکار وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ شہری گلی محلوں کو صاف رکھنے میں ایل ڈبلیو ایم سی عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔