ملک میں نئے الیکشن کی راہ ہموار کئے بغیر گزارا نہیں: احسن اقبال

Published On 24 October,2020 07:22 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے الیکشن کی راہ ہموار کئے بغیر گزارا نہیں۔ وزیراعظم اپنی ناکامی کے بعد ملکی اداروں کو سیاست میں جھونک رہے ہیں۔

بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آئین شکنی کے خلاف جنگ ہے، 22 کروڑ عوام کی جنگ لڑے رہے ہیں، مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوریت کی جنگ لڑ رہی ہے، مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب میں تمام منصوبے تکمیل تک پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں صنعتی انفراسٹرکچر کھڑا کرنا تھا، 22 کروڑ عوام ایک مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ 71 سال کی مہنگائی ان 2 سالوں کے برابر ہے۔ 1947 سے ہماری حکومت تک چینی کی قیمت 55 روپے کلو تھی لیکن اب 100 روپے سے تجاوز ہوگئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم فورکاسٹ نہیں کر سکے تو ذمہ داری اٹھائیں، عمران خان نے اپنے دوستوں کو نوازا ہے، حکومت نے گندم کو سمگل کروایا، موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں ملک کو کھوکھلا کیاہے، ساری دنیا سی پیک میں شامل ہوناچاہتی تھی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جتنا خیال کلبھوشن کا ہے اتنا خیال گولیاں کھانے والے کشمیری کا بھی ہونا چاہیے، ملک کو ایک دلدل میں ڈال دیا گیاہے، وزیراعظم اپنی ناکامی کے بعد ملکی اداروں کو سیاست میں جھونک رہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن کی جنگ آئین شکنی سے ہے، اداروں سے نہیں، عام آدمی کو عزت سے رہنے کا حق مل چاہیے، پی ڈی ایم کے دو جلسوں کے بعد حکومت کے اوسان خطا ہوگئے، پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارتی حکومت نے کشمیر ہڑپ کرلیا۔