لاہور میں اورنج لائن ٹرین کا افتتاح، چین کی جانب سے خیر مقدم

Published On 26 October,2020 11:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چینی وزارت خارجہ لاہور اورنج لائن پروجیکٹ کی کامیاب شروعات پر کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی اور سی پیک کا اہم سنگ میل ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن پروجیکٹ کے افتتاح پر پاکستان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ بیجنگ اپنے سدا بہار دوست پاکستان کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تعمیر جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ شہریوں نے ٹرین میں سفر شروع کر دیا ہے جو حکومت کی اس سہولت سے خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ اورنج لائن ٹرین کا کرایہ مناسب ہے جبکہ ٹریفک کی پریشانی سے بھی جان چھوٹ گئی ہے۔

بجلی سے چلنے والی ٹرین کو 8 گرڈ سٹیشن بجلی فراہم کریں گے۔ ابتدائی طور پر ٹرین کو 12 گھنٹے کے لیے چلایا جا رہا ہے۔ ٹرین ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک 27 کلومیٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی۔

اس پورے سفر کے دوران چھبیس سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اورنج لائن ٹرین پر ایک ہزار مسافر سفر کر سکتے ہیں اور ٹرین میں وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

ٹرین میں خصوصی افراد کے لیے علیحدہ نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ سٹیشن پر مینوئل اور مشین دونوں طریقوں سے ٹکٹ خریدا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹرین میں میٹرو بس والا کارڈ بھی استعمال ہو سکتا ہے جبکہ کارڈ کو مشین سے ریچارج کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

ٹرین کے دروازے پر لگی لائٹس منزل کی رہنمائی کرتی ہیں۔ مستقبل میں ٹرین سروس کا دورانیہ 16 گھنٹے تک بڑھانے کا منصوبہ ہے جبکہ حکومت کی جانب سے 6 ماہ بعد نئے کرایہ کا جائزہ لیا جائے گا۔