وزارت کی واپسی پر سب سے زیادہ خوشی مکس اچار پارٹی کو ہوئی: فیاض الحسن

Published On 03 November,2020 11:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہمارا ایمان ہے جو کچھ ہوتا ہے اچھے کیلئے ہوتا ہے، وزارت کی واپسی پر سب سے زیادہ خوشی میجر گوروآریا، راء، مکس اچار پارٹی اور ن لیگ کو ہوئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا خاطر جمع رکھیں، عمران خان کا سپاہی ہوں، ن لیگ کی کرپشن بے نقاب کرتا رہوں گا۔

واضح رہے گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات کا عہدہ واپس لے لیا گیا، ان کے پاس وزارت کالونیز کا قلمدان رہے گا۔ جبکہ فیاض الحسن کی جگہ پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کیا گیا۔

یاد رہے اپریل کے مہینے میں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا عہدہ واپس لے لیا گیا تھا۔