سندھ کے تین ڈویژنز میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا

Published On 05 November,2020 12:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے تین ڈویژنز میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا۔ سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژن کے 60 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

کراچی سمیت سندھ کے تین ڈویژن میں گھر گھر پولیو مہم جاری ہے۔ سات روزہ پولیو مہم کے دوران کراچی کے 22 لاکھ بچوں سمیت صوبے کے دیگر علاقوں کے 60 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث ویکسینیشن شدید متاثر ہوئیں، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا لازمی ہے۔ انسداد پولیو مہم کے پہلے فیز میں لاڑکانہ، سکھر اور بینظیر آباد میں 34 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، سندھ بھر میں رواں برس پولیو کے 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔