سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے، عاصم سلیم باجوہ

Published On 06 November,2020 09:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے چینی سفیر کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ چین کے سفیر نونگ رونگ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم باجوہ سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے چینی سفیر نونگ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں ممالک مابین دوستی وقت کیساتھ ساتھ مزید مضبوطی ہوگی۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی راہداری منصوبوں کے لئے ون سٹاپ ونڈ سروس کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان چین کے ساتھ تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے تیار ہے تاکہ گوادر پورٹ، انفراسٹرکچر، صنعت اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ مشترکہ طور پر نئی پیشرفت کو فروغ دیا جا سکے۔

سفیر نونگ نے چین پاکستان تعلقات کے لئے اتھارٹی کے چیئرمین کے تعاون اور حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے مابین ہمہ جہتی تعاون کا ایک پائلٹ منصوبہ ہے۔ چین 10 صنعتی پارکس، زراعت اور سماجی شعبوں میں تعاون کو گہرا اور وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے۔
 

Advertisement