جی بی انتخابات میں ایک ہزار جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز دھاندلی کا ثبوت ہے: مریم اورنگزیب

Published On 13 November,2020 11:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جی بی انتخابات میں ایک ہزار جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز دھاندلی کا ثبوت ہے، گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حلقہ دیامر 2 سے ووٹ چوری ہونے کا ایک اور نتیجہ آگیا، 700 سرکاری ملازمین کے نام پر 1791 پوسٹل بیلٹ پیپرز اجراء، یہ ہوتی ہے دھاندلی، ایک ہزار سے زائد جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے، پانچوں امیدوارں کا مشترکہ طور پر الیکشن کمیشن جانا دھاندلی کی اندھیر نگری کا ثبوت ہے، جعلی حکومت کی جعلی پوسٹل کے ذریعے ووٹ چوری پکڑی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا ان جعلی پوسٹل بیلٹس کی بنیاد پر کامیابی کے سروے جاری ہو رہے تھے ؟ سرکاری ملازمین سے حقوق چھیننے والی حکومت اب انکا ووٹ بھی چھین رہی ہے، پاکستان کے مفادات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی نہ کی جائے، جعلی حکمران قومی مفادات کو اپنی گندی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں، گلگت بلتستان الیکشن کمیشن فوری دھاندلی رکوائے، ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے۔