'بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کارروائیوں میں ملوث، شواہد فراہم کر دیئے'

Published On 15 November,2020 03:05 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام اور بدامنی پھیلانے کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے، ٹھوس شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھ دیئے، ملکی سالمیت کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہے، متحد ہوکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

وزیرخارجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کیلئے منصوبہ تیار کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کیلئے ایک گروپ کو 80 ارب روپے دیئے۔ معاملے کی سنگینی بھانپتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے خصوصی بیانات جاری کئے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت گلگت بلتستان میں بھی امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کیلئے تخریب کاروں کے ٹریننگ چلا رہا ہے، پڑوسی ملک کی ایسی سرگرمیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی ان مجرمانہ سرگرمیوں کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھ دیئے، ہمیں دشمن کے ارادے ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔

اپوزیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کئی حزب مخالف اراکین قومی سلامتی کے معاملے پر اپنی قیادت کے ہمنوا نہیں، اپوزیشن اتحاد کی کوئی منزل نہیں۔ انہوں نے کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باوجود اپوزیشن سے جلسوں کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اپوزیشن ایک جانب تو چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں دخل اندازی نہ کرے اور دوسری جانب اپنے مفادات کے حصول کیلئے سازگار ماحول کا تقاضا بھی کرتی ہے۔