پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصرکا ٹولہ ہے، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

Published On 21 November,2020 04:41 pm

لاہور (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کے اداروں کا احترام سب پرلازم ہے، قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنایا جا رہاہے۔

یہ بات انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری اور چودھری محمد یونس انصاری سے ملاقات میں کی۔

ملاقات میں اپوزیشن کے ریاست مخالف بیانیہ کی مذمت کی گئی اور وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصرکا ٹولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہیں، اس ٹولے کا ایجنڈا صرف افراتفری پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔

عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ماضی میں عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا، لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے رکن صوبائی اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری اور چودھری محمد یونس انصاری کو یقین دلایا کہ گوجرانوالہ کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں گے اور گوجرانوالہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
 

Advertisement