کورونا جیسے اہم ایشو کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے: شبلی فراز

Published On 25 November,2020 11:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ ‏کورونا جیسے اہم ایشو کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں کویڈ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن رہنما اس میں شریک ہو کر کورونا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز دیں گے، عوام کی صحت اور زندگی کے معاملے پر مشاورت سے آگے بڑھنا چاہیے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 786، سندھ میں ایک لاکھ 66 ہزار 33، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 314، بلوچستان میں 16 ہزار 891، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 573، اسلام آباد میں 27 ہزار 979 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 97 ہزار 703 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 583 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 32 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 867 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 904، سندھ میں 2 ہزار 858، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 339، اسلام آباد میں 291، بلوچستان میں 164، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں 151 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement