وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی سالانہ گرانٹس کے اجراء کی منظوری دیدی

Published On 27 November,2020 09:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی سالانہ گرانٹس کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس شفاف طریقے سے جاری ہوں گی اور شفاف طریقے سے ہی استعمال ہوں گی، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کریں گے، سابق دور کی طرح پک اینڈ چوز نہیں بلکہ میرٹ پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن محکمہ کھیل کے ساتھ ملکر سپورٹس کیلنڈر مرتب کرے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے باعث فی الحال کھیلوں کی محدود سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے، کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے، پنجاب گیمز کا دوبارہ اجراء پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے، کبڈی چیمپن شپ کے انعقاد سے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا، عالمی سپورٹس کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر محمد عامر جان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس سیکرٹری جنرل پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، نائب صدر احمر ملک، ممبرز واجد علی چودھری، عرفان اللہ خان اور سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود بھی شامل تھے۔
 

Advertisement