پنوں عاقل میں خوفناک ٹریفک حادثہ، اینٹوں سے بھرا منی ٹرک الٹ گیا،11 افراد جاں بحق

Published On 29 November,2020 11:31 pm

پنوں عاقل: (دنیا نیوز) پنوں عاقل میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ، اینٹوں سے بھرا منی ٹرک الٹ گیا، گیارہ افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیل کے مطابق پنوں عاقل میں سانگھی قومی شاہراہ کے مقام پر خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر وین اور مزدا گاڑی اوور ٹیک کرنے کے دوران الٹ گئی جس کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق11 گیارہ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مسافر وین پنجاب کے شہر خانیوال سے کراچی جا رہی تھی۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین اور سات بچے شامل ہیں۔ ان کا تعلق ایک ہی خاندان مسیح برادری سے بتایا جا رہا ہے۔

زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں نے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو تعلقہ ہسپتال پنوں عاقل پہنچایا، جہاں سے انہیں اپنے لواحقین کے سپرد کرکے اپنے علاقے بھیج دیا جائے گا۔