سی پیک کے دوسرے مرحلے میں معیشت پر خاص توجہ مرکوز کی گئی، عاصم سلیم باجوہ

Published On 04 January,2021 06:19 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں دو جہتی حکمت عملی کے تحت معیشت پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

چین کی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اہمیت کے حامل دو شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی اور زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ نوول کورونا وائرس کی وبا کے دوران سی پیک کے منصوبوں میں چینی ماہرین کی سرگرمیوں کا تسلسل دوستی کی اعلیٰ مثال ہے، ان دونوں شعبوں پر خاص توجہ سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ ملے گا اور تجارتی توازن کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لئے ایف ڈی آئی خصوصاً ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اقتصادی زون قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اور ایم ایل ون منصوبے کے ذریعے سے زیادہ سے زیادہ علاقائی رابطہ سازی کو فروغ دیا جائے گا۔
 

Advertisement