پی ڈی ایم مسترد اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 12 January,2021 11:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مسترد اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے، اپوزیشن جان لے بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ کو گندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے، حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور فرض بھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا، اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں، اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔

سینئر وزیر عبد العلیم خان کا ملاقات میں کہنا تھا کہ ہمارے اقدامات سے صوبے میں آٹے کی قیمت مستحکم ہوئی ہے، محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے، قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہو چکی، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام ہے۔