لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت دیگر علاقوں میں آئندہ دنوں میں بھی سورج چمکنے کی پیش گوئی کردی ہے تاہم رات کے وقت موسم سرد اور دھند کے چھائے رہنے کا امکان ہے۔
آج لاہور میں کئی دنوں کے بعد سورج نے اپنی جھلک دکھائی تھی۔ سورج چمکنے کے باعث سردی کی شدت میں کمی آ گئی جس کے بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چودہ ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا۔
منگل کے روز پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلو چستان اور بالائی علاقوں میں شدید سردرہا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق سکردو منفی 14، گوپس، استور، لہہ منفی 12، اننت ناگ منفی 08، بگروٹ منفی 07، گلگت، ہنزہ، سری نگر منفی 06، پارا چنار، شوپیاں اور زیارت میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔