براڈشیٹ معاملے پر اربوں روپے کے فراڈ کا احتساب کیا جائے گا:ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

Published On 26 January,2021 04:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر قوم کے ساتھ اربوں روپے کے فراڈ کا مکمل احتساب کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین نیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کی باتوں میں صداقت ہوتی تو آج تک نیب نے کوئی ریکوری کی ہوتی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ بات اچھی ہے کہ چیئرمین نیب چیمبرز کے دورے اور کاروباری طبقے کے مسائل سن رہے ہیں۔ چیئرمین نیب کو کاروائیوں سے تنگ آ کر کاروبار بند کرنے والوں کی فہرست بھجوائی جائے گی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر کاروبار منتقل کرنے والوں کی فہرست بھی نیب بھجوائیں گے۔ یہ وقت ہے کہ چیئرمین نیب کاروباری افراد اور خواتین کے خلاف نیب کاروائیاں بند کریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب کے ادارے میں صرف جھوٹے ریفرنس دائر اور میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔ نیب کے بے جا نوٹسز اور جعلی ریفرنسز کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں نیب کی تمام کاروائیوں پر کھل کر بات اور براڈ شیٹ کے سنگین معاملے پر ایوان بالا میں بحث کی جائے گی۔ براڈ شیٹ معاملے پر قوم کے ساتھ اربوں روپے کے فراڈ کا مکمل احتساب کیا جائے گا۔