کورونا کے باعث سکول چھوڑنے والے بچوں کا ڈیٹا طلب

Published On 12 February,2021 03:55 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس میاں نجیب الدین کی سربراہی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہوا۔ اجلاس میں عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد بل 2021 پیش کیا گیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایچ ای سی نے این او سی دے دیا۔ کمیٹی نے بل کو آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ کمیٹی نے عظمیٰ ریاض کا نیوٹیک بل 2020 منظور کر لیا۔ اراکین کمیٹی نے وزارت تعلیم سے کہا کہ کورونا کے باعث سکول چھوڑنے والے بچوں اور نجی سکولز جو بند ہوئے ان کا ڈیٹا فراہم کیا جائے۔

کمیٹی کے رکن علی اعوان نے بتایا کہ ادارہ شماریات نے کورونا کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کی ہے۔ وزارت تعلیم کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے ادارے نے این سی او سی کے ساتھ مل کر تمام ریکارڈ اکٹھا کیا ہے۔ کم فیسوں والے نجی تعلیمی اداروں کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر تمام معاملات فنانس سے منظور کروا کر سمری کابینہ کو بھجوا دی۔

اوپن یونیورسٹی کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 1.2 ملین بچے علامہ اقبال یونیورسٹی میں پڑھتے ہیں۔
 

Advertisement