پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔ سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرنے والے آج نشان عبرت ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں اراکین کابینہ اور پی ٹی آئی ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لئے استعمال کیا۔ ان لوگوں نے ہر جگہ پیسہ استعمال کیا اور اب ان کی حالت نشان عبرت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے۔ ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں اقتدار عوامی خدمت کی بجائے پیسہ چوری کرنے کے لئے سنبھالا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر نظام میں شفافیت چاہتے ہیں۔ اس موقع پرپی ٹی آئی اراکین نے وزیراعظم کے ویژن کی مکمل تائید کی۔