سینیٹ کے 52 اراکین مدت پوری کرکے سبکدوش، 48 نئے اراکین جمعہ کو حلف اٹھائیں گے

Published On 11 March,2021 05:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور فیصل واوڈا سمیت 48 نومنتخب سینیٹرز جمعہ کو 6 سال کیلئے سینیٹ کے رکن کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ الیکشن کمیشن اس سلسلہ میں پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری کر چکا ہے۔

سینیٹ کے نئے ممبران میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد شامل ہیں۔

پنجاب سے مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا، پی ٹی آئی کے سیف اللہ سرور خان نیازی، عون عباس، اعجاز احمد چودھری، سید علی ظفر، زرقا سہروردی تیمور، مسلم لیگ (ن) کے افنان اللہ خان، ساجد میر، عرفان الحق صدیقی، اعظم نذیر تارڑ اور سعدیہ عباسی شامل ہیں۔

سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا، شہر بانو شیری رحمن، تاج حیدر، شہادت اعوان، جام مہتاب حسین ڈاہر، فاروق حامد نائیک، پلوشہ محمد زئی خان، پی ٹی آئی کے محمد فیصل واوڈا، سیف اللہ ابڑو، ایم کیو ایم پاکستان کے سید فیصل علی سبزواری اور خالدہ اطیب، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے محسن عزیز، سید شبلی فراز، لیاقت خان ترکئی، فیصل سلیم رحمن، ذیشان خانزادہ، دوست محمد خان، محمد ہمایوں مہمند، ثانیہ نشتر، فلک ناز، گردیپ سنگھ، عوامی نیشنل پارٹی کے ہدایت اللہ خان اور جے یو آئی (ف) کے عطا الرحمن شامل ہیں۔

بلوچستان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس احمد عمر احمد زئی، منظور احمد، سرفرا ز احمد بگٹی، سعید احمد ہاشمی، ثمینہ ممتاز، دنیش کمار ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد قاسم، اے این پی کے عمر فاروق، جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ اور آزاد امیدوار محمد عبدالقادر اور نسیمہ احسان شامل ہیں۔ یہ اراکین 6 سال کے لئے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

ایوان بالا کے 52 اراکین جمعرات کو اپنی 6 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہو گئے۔ ان میں سے وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت 12 اراکین دوبارہ ایوان بالا کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق 11 مارچ کو سبکدوش ہونے والے اراکین میں راجہ محمد ظفر الحق، سرا ج الحق، رحمن ملک، آغا شاہ زیب درانی، عائشہ رضا فاروق، اورنگزیب خان، جان کینتھ ولیم، چوہدری تنویر، ڈاکٹر اسد اشرف، اشوک کمار، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، غوث محمد خان نیازی، گیان چند، گل بشرا، حاجی محمد خان آفریدی، اسلام الدین شیخ، خوش بخت شجاعت، لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، میاں محمد عتیق شیخ، میر کبیر، یوسف بادینی، محمد علی خان سیف، محمد جاوید عباسی، خالد بزنجو، محمد عثمان خان کاکڑ، نجمہ حمید، نعمان وزیر، نصرت شاہین، پرویز رشید، راحیلہ مگسی، سجاد حسین طوری، ثمینہ سعید، سردار یعقوب خان ناصر، سسی پلیجو، تاج آفریدی اور سلیم ضیا دوبارہ منتخب نہیں ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا، سابق ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری، سابق وزیر اطلاعات شیری رحمن، سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک، مولانا عطا الرحمن، لیاقت خان ترکئی، منظور احمد، محسن عزیز، پروفیسر ساجد میر، سرفراز بگٹی اور ذیشان خانزادہ مزید 6 سال کیلئے سینیٹ کے ممبر منتخب ہو گئے ہیں۔
 

Advertisement