صادق سنجرانی کی جیت نے پی ڈی ایم کی سیاست کو دفن کردیا: وفاقی وزیرشبلی فراز

Published On 12 March,2021 06:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے صادق سنجرانی کی سینیٹ انتخاب میں جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہو گئی ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہماری نیک نیتی پر شک کرنیوالوں اور 30 سال سے ملک کو نقصان پہنچانے والے نظام کو شکست ہوئی۔

شبلی فراز نے اس موقع پر بھی انتخابات کیلئے اوپن بلیٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کیلئے اوپن بیلٹ وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کرپشن روکنے کیلئے نکلتے ہیں، بچانے کیلئے نہیں۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اپوزیشن نے سینیٹ کے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمرہ لگانے کا ڈرامہ رچایا، جنہوں نے واردات کی وہ خود ہی جائے واردات پر پہنچ گئے، اپوزیشن کو ایسا ڈرامہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیسے کا استعمال اور دھونس دھاندلی اپوزیشن کا وطیرہ رہا ہے، ہم خفیہ کیمرے لگانے کے واقعہ کی تہہ تک جائیں گے، ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کو کرپٹ ٹولے سے نجات دلائی جائے، واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیں۔ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے شفافیت اور شو آف ہینڈز کی بات کرتے رہے ہیں جس کے لئے ہم عملی طور پر پارلیمان، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ گئے۔
 

 

Advertisement