پی پی کا سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ، شیری رحمان کو نامزد کرنیکا امکان

Published On 18 March,2021 12:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کرلیا۔ پی پی کی جانب سے شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے پاس سینیٹ میں اپنے 21 ووٹ ہیں، اے این پی اور بی این پی مینگل نے بھی پیپلزپارٹی کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ اے این پی اور بی این پی مینگل کے سینیٹ میں دو، دو ارکان ہیں۔ پیپلز پارٹی 25 سینٹرز کے دستخطوں سے درخواست چند روز میں سینٹ سیکرٹریٹ جمع کروائے گی۔

 ادھر مسلم لیگ نون بھی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے امیدوار کے لئے ڈٹ گئی۔ شاہد خان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ن لیگ کو دیا تھا، پی ڈی ایم کا اتفاق تھا کہ ن لیگ اپوزیشن لیڈر نامزد کرے گی، ن لیگ نے اعظم نذیر تارڑ کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے پارٹی کے صوبائی عہدیداران کو لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھنے اور کسی بھی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فضل الرحمان کی ہدایت پر صوبائی عہدیداروں کے نام بھجوائے گئے خط میں کہا گیا کہ تمام صوبائی جماعتیں لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کریں، کیونکہ پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں استعفوں اور لانگ مارچ پر متفق ہیں۔

خط کے مطابق پیپلزپارٹی نے استعفوں سے متعلق وقت لیا ہے، ان کے فیصلے تک لانگ مارچ کو موخر کیا گیا ہے، پیپلزپارٹی اپنے اجلاس کے فیصلے سے جلد پی ڈی ایم کو آگاہ کرے گی۔

Advertisement