یوسف رضا گیلانی کی درخواست مسترد، پیپلزپارٹی نےفیصلہ چیلنج کرنےکا اعلان کردیا

Published On 24 March,2021 09:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پریذائیڈنگ افسر کے ذریعے غلط کھیل کھیلا گیا، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، میسر فورمز سے رجوع کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے لپ آئین ہمیں پارلیمان کی کارروائی پر سوال اٹھانے سے روکتا ہے لیکن یہ پارلیمانی کارروائی نہیں تھی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے کیلئے پریذائیڈنگ افسر کے ذریعےغلط کھیل کھیلا گیا، یہ معاملہ سسٹم کے لیے ایک امتحان تھا، مستقبل میں بھی اس عمل کو دہرایا جا سکتا ہے جس سے جمہوری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے میسر فورمز پر یہ اہم معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن چوری کو قائم رکھنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ بنیں گے کیونکہ وہ قانونی طور پر منتخب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور پارلیمان کی بالا دستی میں یقین رکھتی ہے۔ پولنگ سٹیشن پر پولنگ عمل کو پارلیمانی کارروائی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یوسف رضا گیلانی نے پریذائیڈنگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ پریذائیڈنگ افسر نے 7 ووٹ نشاندہی کرتے ہوئے مسترد کیے تھے۔ وہ 7 ووٹ یوسف رضا گیلانی کو ملے، بڑے فورم سے رجوع کرنا ہمارا حق ہے۔
 

Advertisement