ملتان ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے زین قریشی نے ن لیگی سلمان نعیم کو ہرا دیا

Published On 17 July,2022 07:57 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی پی 217 سے پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔

 غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 122 پولنگ سٹیشنوں میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے 46427  ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد سلمان نعیم 40285 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ فاتح امیدوار زین قریشی سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے ہیں۔

محمد سلمان نعیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن تھے اور جہانگیر ترین گروپ کے حصے ہونے کے باعث وزارتِ اعلیٰ کے الیکشن میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کے باعث ڈی سیٹ ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں بطورِ آزاد امیدوار محمد سلمان نعیم نے تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی اور جہانگیر ترین کے توسط سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن تھے تاہم ان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا جس کے باعث یہ آزاد امیدوار میدان میں اُترے تھے۔