پنجاب میں ضمنی الیکشن، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

Published On 28 July,2022 07:39 pm

اسلام آباد، لاہور: (دنیا نیوز، علی مصطفیٰ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر کے ضمنی انتخابات گیارہ ستمبر کو ہونگے۔۔

واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 157 الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار زین قریشی نے 77 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار 70 ہزار کے قریب ووٹ لے سکے تھے۔

یہ سیٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زین قریشی کی جانب سے خالی کی گئی تھی جنہوں نے پنجاب اسمبلی کے حلقے 217 میں بطور رکن صوبائی اسمبلی امیدوار حصہ لیا تھا اور پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار سلمان نعیم کو شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی کو آزاد امیدوار سلمان نعیم نے شکست دی تھی جو بعد میں جہانگیر ترین کے توسط سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، ان کے بارے میں بتایا جاتا ہےیہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن تھے جنہوں نے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

اُدھر پی پی 139 کی سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار جلیل شرقپوری کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی ہے، جنہوں نے 2018ء کے جنرل الیکشن میں 30 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی جبکہ مد پی ٹی آئی کے مقابل امیدوار جہانزیب راؤ نے 27 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

پی پی 241 بہاولنگر کی سیٹ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود کی خالی ہوئی ہے، جنہیں جعلی ڈگری کے باعث نا اہل کر دیا گیا ہے۔

2018ء میں پی پی 241 کے جنرل الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کاشف محمود نے 48 ہزار ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار 44184 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔