عالمی برادری کیساتھ مل کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائیگی: نمائندہ آئی ایم ایف

Published On 18 September,2022 07:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نمائندہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی۔

سیلاب سے معاشی نقصانات اور سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے نمائندہ آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان میں سیلاب کے تباہ کن اثرات پر شدید غمزدہ ہے، تمام ہمدردیاں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کے ساتھ ہیں، انٹرنیشنل کمیونٹی کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی، موجودہ پروگرام کے تحت ریلیف اور بحالی اقدامات میں تعاون کیا جائے گا۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ پائیدار پالیسیوں اور معاشی استحکام کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کوششیں کی جائیں گی، جاری کوششوں کی حمایت کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔