ضمنی الیکشن: عوام پولنگ میں بھرپور حصہ لیں: وزیراعظم کی اپیل

Published On 16 October,2022 11:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ میں عوام بھرپور حصہ لیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالنا آئینی و قانونی عمل ہے اور صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں، ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کیونکہ آپ اور آپ کے ملک کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اس پر ہے۔

واضح رہے کہ ضمنی الیکشن کا میدان،سیاسی پہلوانوں کا دنگل سج گیا، قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

پشاور، مردان، چارسدہ، ملیر، کورنگی، فیصل آباد، ننکانہ صاحب میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، پولنگ شام 5 بجےتک بغیرکسی وقفےکے جاری رہے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی دو، پنجاب کی چار اور سندھ کی دو نشتوں پر ضمنی انتخابات جاری ہیں۔

تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوگا، جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان بطور امیدوار ہیں جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔