اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کو جمہوریت کے خلاف جنگ سمجھا جائے گا، سراج الحق سے توقع ہے کہ وہ سیاسی فیصلہ کریں گے۔
پریس کانفرس سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان میں ایک مدت سے افراتفری کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی نے بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا مشورہ دیا، سراج الحق کی سیاسی جماعت کی روح میں پیپلز پارٹی کی مخالفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخاب میں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں، عمران خان نے سیاسی طور پر پیچھے کا سفر شروع کردیا ہے، ہم روشن خیال لوگ ہیں، نسل پرستی کا راستہ روکنے کے لئے مل بیٹھنے کو تیار ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کا احترام ہے، جماعت اسلامی ہمارے مینڈیٹ کا احترام کرے، کراچی کو آگ اور خون میں دوبارہ نہ دھکیلا جائے، کراچی کو امن اور سکون چاہیے۔