اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وفد مجھ سے ملنے آیا، جو لوگ آئے یا جنہوں نے میڈیا پر آکر استعفے سے متعلق کہا اور مجھے اطمینان دلایا، میں نے مطمئن ہو کر ایسے ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔
راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جس نے مجھے اطمینان کرایا ان کے استعفے منظور کیے، مجھ سے بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کر کے کہا ہے وہ ابھی سوچ رہے ہیں، جب استعفے منظور کرتا ہوں تو بھی شور مچ جاتا ہے جب نہیں کرتا تو بھی شور مچ جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا گیا کہ عمران خان نے واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کر لیے، جس کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ایسی بات نہیں ہے، جب پی ٹی آئی وفد آیا تو منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا، میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے اسمبلی میں آئیں۔