لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 7 واں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کی جانب سے کفایت شعار پالیسی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب کابینہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے کفایت شعار پالیسی کو سراہا اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ہر سطح پر کفایت شعاری اپنانے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا، اجلاس میں کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء کی جانب سے مثال قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے کہا کہ معاشی حالات کے پیش نظر سرکاری سطح پر کفایت شعاری اپنانے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور ڈاکٹر جمال ناصر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں افسران کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ایک سے تین دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت گریڈ 22 کے افسران 3 دن، گریڈ 20 اور21 کے افسران دو دن اور گریڈ 18 اور 19 کے افسران ایک دن کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے، ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کا نام ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ رکھنے کی منظوری دی گئی۔
پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 3900 روپے من مقرر کرنے کی تجویز دی، فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل یقینی بنانے کیلئے کمیٹی قائم کرنے، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی کو سنگل سورس کی بنیاد پر لیز پر دینے کی بھی منظوری دی گئی، لیز پر دی جانے والی اراضی صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہو گی۔
اجلاس میں پولیس شہداء پیکیج کیلئے 400 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے، ملتان، بہاولپور اور فیصل آباد میں ریجنل بلڈ سنٹرز کیلئے رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ سے معاہدہ کرنے کی منظوری دی گئی، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کیلئے وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔