فواد چودھری کی گرفتاری، طویل نظر بندی کیخلاف سپریم کورٹ بار بھی میدان میں آگئی

Published On 28 December,2023 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فواد چودھری کی گرفتاری اور طویل نظر بندی کی شدید مذمت کی۔

سپریم کورٹ بار کے جاری کردہ مذمتی اعلامیہ میں کہا گیا فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری سمیت خاندان کے دیگر افراد کو متعدد نام نہاد مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے، سپریم کورٹ بار ان مقدمات کے اندراج کو گہری تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انتقامی کارروائیاں ریاست کی سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا تمام ادارے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے، بنیادی حقوق کا احترام کرنے اور قانونی ڈھانچہ کو مجروح کرنے سے گریز کریں، آئین کے تحت شفاف ٹرائل تمام شہریوں کا بنیادی حق ہے، سپریم کورٹ بار یقین رکھتی ہے کہ وکلاء کو ان کی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر پیشہ ورانہ فرائض کو بلاخوف و خطر انجام دینے کی اجازت ہونی چاہئے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا سپریم کورٹ بار ہر قسم کے سیاسی انتقام کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی، سپریم کورٹ بار قانون کی حکمرانی کے تحفظ، بنیادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے انتھک محنت کرنے کے لئے پرعزم ہے۔