’دیکھو دیکھو مجھے کون نظر آیا‘ لطیف کھوسہ کو دیکھ کر بلاول بھٹو کا نعرہ

Published On 08 January,2024 12:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی ٹی آئی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کی سپریم کورٹ کے گیٹ پر اچانک ملاقات ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت کیلئے آصفہ بھٹو اور صنم بھٹو کے ہمراہ سپریم کورٹ کے داخلی دروازے پر پہنچے تو ان کی ملاقات پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ سے ہوئی۔

بلاول بھٹو نے اپنے پرانے پارٹی رہنما اور وکیل لطیف کھوسہ کو دیکھتے ہی کہا کہ دیکھو دیکھو مجھے کون نظر آیا۔

اس کے بعد لطیف کھوسہ اور بلاول بھٹو نے مصافحہ کیا اور بغل گیر ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری اور لطیف کھوسہ نے ایک دوسرے کا مختصراً حال احوال پوچھا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ بھی بلاول بھٹو کر دیکھ کر مسکراتے رہے۔

مختصراً ملاقات کے بعد لطیف کھوسہ سپریم کورٹ سے باہر اور بلاول بھٹو اندر چلے گئے۔

واضح رہے کہ 17 دسمبر 2023ء کو پیپلز پارٹی کے سابق رہنما لطیف کھوسہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔