فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع کی درخواست پر آج سماعت ہوگی

Published On 22 January,2024 10:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع کی درخواست پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

جنوری کے تیسرے ہفتے میں انکوائری کمیشن نے رپورٹ فائنل کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرانی تھی، وفاقی حکومت نے مقرر وقت میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ سے براہ راست رجوع کیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی دی گئی تاریخ پر فیض آباد کمیشن رپورٹ کو حتمی شکل نہیں دے سکتا، انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع کی جائے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو سپریم کورٹ میں فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کے 2017 کے دھرنے سے متعلق اس کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے حکومت نے کمیشن تشکیل دیدیا ہے۔