سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی رہنما سردار شہباز سیال کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم

Published On 31 January,2024 11:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 144 خانیوال سے تحریک انصاف کے رہنما سردار شہباز سیال کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سردار شہباز سیال کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی چھپنے کے عذر کا ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سردار شہباز شیال کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

جسٹس منیب اختر نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مشکلات کو ہم سمجھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی مشکلات اور بنیادی حقوق کا توازن ہم نے برقرار رکھنا ہے۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ سردار شہباز سیال کے کاغذات نامزدگی بجلی چوری کے مقدمہ میں نامزدگی کی بنیاد پر مسترد کیے گئے، بجلی چوری کے اس مقدمے کا ہمیں علم ہی نہیں، ہم نے بجلی بلوں کی تمام ادائیگیاں بروقت کی تھیں۔

جسٹس منیب اختر نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا۔

واضح رہے کہ سردار شہباز سیال پی پی 212 سے پنجاب اسمبلی کے بھی امیدوار ہیں۔