فیصلہ جمہوریت کے دل پر آخری خنجر، الیکشن کمیشن مستعفی ہو: سینیٹر علی ظفر

Published On 04 March,2024 06:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ جمہوریت کے دل پر آخری خنجر ہے، آج کے فیصلے سے ظاہر ہو گیا الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی، سینیٹ سے مطالبہ کرتا ہوں پورے الیکشن کمیشن کو مستعفی ہوجانا چاہیے، الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ قومی اسمبلی نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کو منتخب کرنا ہوتا ہے، قومی اسمبلی نے وزیراعظم کا بھی انتخاب کرنا ہوتا ہے، ہم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کریں۔

علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں مخصوص نشستوں کے حق سے محروم کیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیرآئینی ہے، ابھی ہم نے الیکشن کمیشن کا تفصیلی فیصلہ نہیں پڑھا، جمہوریت کے خلاف فیصلہ برداشت نہیں، اگر اس فیصلے کے بعد الیکشن ہوئے تو ہمیں منظور نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، انہوں نے کہا کہ پورا الیکشن کمیشن فی الفور مستعفی ہو، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے، ہم نے قرارداد تیار کی ہے وہ بھی ہم اب پیش کریں۔

علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ صدارتی اور سینیٹ الیکشن کو ملتوی کیا جائے، مخصوص نشستوں سے متعلق جب تک عدلیہ کا فیصلہ نہیں آتا صدارتی، سینیٹ الیکشن نہیں ہوسکتا، اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ آجاتا ہے تو پھر سارے الیکشن کو ریورس کرنا پڑے گا۔

سینیٹ کا اجلاس بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔