پاکستان اور یورپی یونین سیاسی مذاکرات کا نواں دور، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 06 March,2024 10:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین سیاسی مذاکرات کا نواں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی جبکہ یورپی یونین کی طرف سے ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا نے وفد کی قیادت کی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ مذاکرات میں پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا، سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان، تجارت اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سلامتی، موسمیاتی تبدیلی، نقل مکانی اور نقل و حرکت پر بھی توجہ دی گئی، مذاکرات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق دونوں فریقین نے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، فریقین نے فالو اَپ اقدامات کے ذریعے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں فریقین نے یورپی یونین کے فلیگ شپ پروگراموں کے تحت نئے مواقع تلاش کرنے پراتفاق کیا۔