بارش متاثرین کیلئے امداد، خیبرپختونخوا کےمتاثرہ اضلاع کا سروے نہ ہوسکا

Published On 07 March,2024 05:33 pm

پشاور:(دنیانیوز) وزیراعظم کی جانب سے بارش متاثرین کیلئے امداد کی ڈیڈ لائن میں مزید ایک دن گزر گیا لیکن خیبرپختونخوا کےمتاثرہ اضلاع کا سروے مکمل نہیں کیاجاسکا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری نے گزشتہ روز کمشنرز کوفوری طورپر سروے مکمل کرنےکا کہا تھا، ابھی تک کسی بھی ضلع سے سروے رپورٹ نہیں بھیجی جاسکی۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے باوجود متاثرہ اضلاع کا سروے ضروری ہے، وزیراعظم نے پانچ دن کے اندر متاثرین کو امدادی چیک دینے کی ہدایت کی تھی، متاثرین کو امدادی چیک سروے مکمل ہونے کے بعد ہی دئیے جاسکیں گے،اس کے باوجود صوبائی حکومت ابھی تک سروے شروع نہ سکی۔

یاد رہے حالیہ بارشوں سے خیبرپختونخوا میں چالیس افراد جاں بحق ،27 بچوں سمیت باسٹھ افراد زخمی ہوئے تھے، بارشوں سے 635گھر مکمل یاجزوی طورپرتباہ ہوئے۔

واضح رہے وزیراعظم کی جانب سے جاں بحق افراد کیلئے بیس لاکھ روپے، شدید زخمیوں کیلئے پانچ لاکھ اور معمولی زخمیوں کو تین لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ مکمل گھر تباہ ہونے کی صورت میں سات لاکھ روپے دیئے جانے ہیں ،جزوی نقصان پہنچنے کی صورت میں ساڑھے تین لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔