نومنتخب صدر آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری آج ہوگی

Published On 10 March,2024 08:59 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے نومنتخب صدر آصف علی زرداری آج 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

نومنتخب صدر مملکت کی تقریبِ حلف برداری آج شام 4 بجے ایوان صدر میں ہوگی، چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نئے منتخب ہونے والے صدر سے حلف لیں گے۔

صدر مملکت کی تقریب حلف برداری کیلئے مہمانوں کو حلف نامے جاری کر دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر مملکت منتخب

وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیف، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اراکین اسمبلی اور غیرملکی سفارتکار شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوگئے تھے، آصف زرداری نے 411 جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار محمود خان اچکزئی 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کر پائے تھے۔

واضح رہے کہ دوسری مرتبہ پاکستان کے صدرِ بننے والے آصف زرداری پہلی مرتبہ 2008 میں 5 سال کیلئے اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔