وزیراعلیٰ سندھ کا سٹریٹ کرائم ہر صورت روکنے کا حکم

Published On 13 March,2024 07:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں کابینہ کا امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا، آئی جی پولیس نے کابینہ کو امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سٹریٹ کرائم ہر صورت کنٹرول کیا جائے، آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹریٹ کریمنلز کے خلاف مارچ میں 55 انکاؤنٹرز کئے، 10 کریمنل مارے گئے، 61 زخمی ہوئے اور 176 گرفتارکئے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں کرائم ہورہا ہے اُس ایس ایچ او اور ایس ایس پی کی جوابدہی کی جائے، جب تک ہم ایس ایچ اوز اور ایس ایس پیز کی جوابدہ نہیں کریں گے تب تک امن وامان کی صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی۔

آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ اگست 2023ء سےمارچ 2024ء تک 62.540 کلوگرام آئس کرسٹل، آئس پکڑی گئی ہے، گھوٹکی میں 6، شکارپور سے9 اور کشمور سے 14 افراد اغوا ہیں، اس وقت سندھ کے اضلاع سے مجموعی طور پر 29 افراد اغوا کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ مغویوں کی بازیابی کے لئے اقدامات کریں، وزیرداخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر وزراء قبائلی جھگڑوں کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 22.068 بلین روپے کے رمضان پیکج کی کابینہ نے منظوری دے دی، رمضان پیکج کے تحت 4413584 خاندانوں کو 5000 روپے فی فیملی کو دیئے جائیں گے، سندھ کابینہ نے 9 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقررکردیا، گندم کی خریداری کی قیمت 4000 روپے فی من ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو گندم کی خریداری کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔