شرجیل میمن کا کراچی میں عید کے بعد نئی بسیں چلانے کا اعلان

Published On 18 March,2024 03:11 pm

کراچی : (دنیانیوز) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں عید کے بعد نئی بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بناناہے، رمضان کے بعد کراچی کے مختلف روٹس پرنئی بسیں چلائی جائیں گی ، الیکٹرک بسوں کے 2 نئے روٹ شروع ہوں گے جبکہ پنک بس سروس کی بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس سے روزانہ ایک لاکھ سے زائد لوگ سفر کرتے ہیں، 18اپریل سے روٹ نمبر1اور9میں کارڈ سسٹم متعارف کرانے جارہے ہیں، 18اپریل کو بس سروس کیلئے پری پیڈ کارڈ لانچ کررہے ہیں، پری پیڈ کارڈ گرین لائن،اورنج لائن کیلئے بھی استعمال ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جو ذمہ داری دی گئی ہے، اس کے بارے میں عوام کو آگاہی دینا چاہتے ہیں، نگراں حکومت میں پروجیکٹس تاخیر کا شکار ہوئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف زرداری نے خاص ہدایات دی ہیں کہ ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر پر فوکس کرنا ہے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ منشیات کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے جارہے ہیں،منشیات کی لعنت کو ختم کرنا ہے ۔