ضمنی الیکشن: حلقہ این اے 119 سے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

Published On 22 March,2024 01:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 119 سے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سیٹ خالی کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں ضمنی انتخاب 21 اپریل کو ہو گا، الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 119 سے مسلم لیگ (ن) کے علی پرویز ملک کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما شہزاد فاروق اور ندیم شیروانی کے کاغذات نامزدگی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

علی سرور گیلانی زرق تنویر، اکمل خان، عبدالکریم خان، اصغر علی، احمد مغل، محمد ظہیر، محمد نواز اور میاں روحیل اشرف کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔